Wednesday , March 22 2023
Home / Archive / نیوز راونڈ اپ (16جنوری تا 15فروری 2022) World in Focus

نیوز راونڈ اپ (16جنوری تا 15فروری 2022) World in Focus

Listen to this article

نیوز راونڈ اپ

(جنوری تا 15فروری 2022)  World in Focus

نیشنل

16جنوری: دبئی میں ’بڑھتے ہوئے مواقع کی سرزمین‘ کے موضوع کے ساتھ کانفرنس میں خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے، انفراسٹرکچر کی تعمیر اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے 10 ارب ڈالرز سے زائد کے 44 معاہدوں پر دستخط کیے۔
16جنوری: تھر ڈیزرٹ چیلنج جیپ ریلی میر نادر مگسی نے جیت لی۔
دوسری پوزیشن شہزادہ سلطان اور تیسری پوزیشن چودھری خرم نے حاصل کی۔
16جنوری: نیشنل سیونگزسنٹرنے قومی بچت کے صارفین کی سہولت کے لیے نیشنل سیونگز کسٹمر ڈیبٹ کارڈ کا اجرا کردیا۔
16جنوری: قومی کبڈی چیمپین شپ کے فائنل میں پوائنٹ کا تنازع پیدا ہونے کے بعد ریفری نے دونوں ٹیموں پاکستان ایئرفورس اور واپڈا کو مشترکہ طورپر فاتح قرار دے دیا۔
16جنوری: ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا کہ رواں برس مارچ سے ملک بھر میں لڑکیوں کے تمام سکول کھول دیے جائیں گے۔
16جنوری: صدر مملکت کی جانب سے مالیاتی بل2021پر دستخط کے بعد منی بجٹ کا نفاذ ہوگیا۔
16جنوری: فلم انڈسٹری کے سینئر ڈائریکٹر داؤد بٹ انتقال کر گئے۔ اُن کی عمر 72 برس تھی۔
17جنوری: پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار رشید ناز 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
17جنوری: وزیراعظم عمران خان نے ہری پورمیں سپیشل ٹیکنالوجی زون کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
17جنوری: فاقی کابینہ کی کمیٹی نے برطانیہ کے ساتھ مجرموں کی حوالگی کا معاہدہ کرنے کی منظوری دے دی۔
17جنوری: صدر عارف علوی نے بلوچستان کے سینئر وزیر برائے فنانس ڈیپارٹمنٹ نور محمد دمر کی بطور ممبر قومی اقتصادی کونسل تعیناتی کی منظوری دے دی۔
17جنوری: سید حسنین مہدی کو سیکرٹری فیڈرل پبلک سروس کمیشن مقرر کر دیا گیا۔
17جنوری: سپریم کورٹ نے تربیلا ڈیم متاثرین کا ساٹھ سال بعد فیصلہ کردیا۔ عدالت نے متاثرین کے واجبات کے خلاف واپڈا کی اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔
17جنوری: پاکستان نے ایشین روئنگ ورچوئل انڈور چیمپین شپ میں گولڈ اور سلور میڈل جیت لیے۔
18جنوری: ستارہ انجینئرز نے ٹیسلا انڈسٹری کے اشتراک سے پاکستان میں پہلی الیکٹرک کمرشل وہیکل متعارف کروا دی۔
18جنوری: سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین کو ایجوکیشن سٹی بورڈ کا چیئرمین مقرر کردیا گیا۔
18جنوری: وزیر اعظم عمران خان نے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری کا بطور چیئرمین نیشنل ٹورزم کوآرڈینیشن اور پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن بورڈ استعفا منظور کرلیا۔
18جنوری: اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین طارق جاوید بنوری کو عہدے پر بحال کر دیا۔
18جنوری: سندھ حکومت نے شمس الدین سومرو کو چیئرمین صوبائی الیکشن اتھارٹی تعینات کر دیا۔
18جنوری: پاک فوج کے میجر جنرل وسیم عالمگیر کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر ریکٹر نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز تعینات کردیا گیا ۔
18جنوری: پاکستان میں پہلی خواجہ سرا سارہ گل نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ایم بی بی ایس کا فائنل پروفیشنل امتحان کراچی یونیورسٹی سے پاس کیا۔
19جنوری: سٹیٹ بینک نے بینکوں اور برآمدکنندگان کی سہولت کے لیے ایکسپورٹ فنانس سکیم کا ری فنانس پراسیس ڈیجیٹائز کر دیا۔
19جنوری: ممتاز براڈکاسٹر، ریڈیو پروڈیوسر اور ادبی دنیاکی معروف شخصیت سید یاور مہدی انتقال کرگئے۔ اُن کی عمر 84 سال تھی۔
20 جنوری: ریکوڈک کیس میں حکومت پاکستان اور ٹیتھیان کمپنی کے مذاکرات میں 50 فیصد شیئرز پر اتفاق ہوگیا، سابقہ معاہدے میں پاکستان کا شیئر صرف 25 فیصد تھا۔ ڈیل فائنل ہوئی تو پاکستان پر سے 10 ارب ڈالر جرمانے کا خدشہ ٹل جائے گا۔
20 جنوری: وفاقی وزیر برائےنجکاری محمد میاں سومرو نے چیئرمین نجکاری کمیشن کے عہدے سے استعفا دے دیا۔
20 جنوری: وفاقی حکومت نےسلیم احمد کو نیا چیئرمین نجکاری کمیشن تعینات کر دیا۔
20 جنوری: وزیر اعظم عمران خان نے مخدوم سید طارق محمود الحسن کو سمندر پار پاکستانیوں اور ہیومن ڈیولپمنٹ کے لیے اپنا معاون خصوصی (SAPM) مقرر کر دیا۔
20 جنوری: اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں میں پہلی سے پانچویں جماعت تک بستے(سکول بیگ) ختم کر دیے گئے۔
20 جنوری: وزیراعظم عمران خان کا بل گیٹس سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مقاصد پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
20 جنوری: فرخ شاہ کو میڈیا کنسلٹنٹ حکومت پنجاب مقرر کر دیا گیا۔
21جنوری: سینئر وکیل حفیظ الرحمن چوہدری سال 2022 کے لیے پاکستان بار کونسل کے بلا مقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہوگئے۔
21جنوری: ممتاز ڈراما نگار ڈاکٹر ڈینس آئزک 71 برس کی عمر میں کینیڈا میں انتقال کرگئے۔
21جنوری: وزارت قانون و انصاف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد لاہور ہائیکورٹ کی جج جسٹس عائشہ ملک کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
21جنوری: ملک بھرکے تعلیمی بورڈز کو ڈیجیٹل بنیاد فراہم کرنے کے لیے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئر مین اور نجی فرم ریڈ مارکر کے مابین معاہدہ پر دستخط ہو گئے۔
21جنوری: کرکٹ کے میگزین وزڈن ٹیسٹ ٹیم آف دی ائیر میں پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اور فواد عالم بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔
22جنوری: اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو ہدایت جاری کی کہ الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے ایکٹ (پیکا) میں ترمیم کرکے چائلڈ پورنو گرافی کے جرم کی سزا 7سال قید سے بڑھا کر 14سے20سال تک کی جائے۔
22جنوری: وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے متفقہ طور پر اپنائے گئے پرنسپل آف رسپانسبلٹی ٹو پروٹیکٹ (پی 2پی)کے تحت غذائی قلت کا شکار لاکھوں افغانیوں کو فوری انسانی ریلیف کی فراہمی کی اپیل کی۔
22جنوری: پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے کا آغاز ہو گیا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے مطابق پہلے مرحلہ میں پنجاب کے20 اضلاع کے 2 ہزار سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ 31 مئی تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔
22جنوری: ورلڈ وائیڈ فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) نے سمارٹ مینجمنٹ پریکٹسز سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے 5ملین یورو کا خصوصی ریوالونگ فنڈ قائم کیا ہے جس کے ذریعے ٹیکسٹائل اور لیدر کی برآمدات بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
22جنوری: بزرگ سیاستدان سابق ایم این اے الحاج راناشوکت حیات نون 80 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔
23جنوری: قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان کو سال کا بہترین ٹی ٹونٹی کرکٹر قرار دیا گیا۔
23جنوری: پاکستان کی فاطمہ ثنا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ایمرجنگ ویمن کرکٹر آف دی ایئر منتخب ہوگئیں۔
24جنوری: گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے دو ماہ کے لیے شرح سود کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔
24جنوری: وزیراعظم کے سابق مشیر برائے داخلہ اور احتساب شہزاد اکبر نے استعفا دے دیا۔
24جنوری: جسٹس عائشہ ملک نے ملکی تاریخ میں سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج کی حیثیت سے اپنے نئے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
24جنوری: پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر آفتاب بلوچ انتقال کر گئے۔
24جنوری: پاکستان نے چمن سرحد پر سفری دستاویزات کے بغیر سفر کرنے والے پاکستانی اور افغان شہریوں کے لیے نیا خود کار نظام متعارف کرا دیا۔
24جنوری: کپتان بابر اعظم کو سال کا بہترین ون ڈے کرکٹر منتخب کیا گیا۔
24جنوری: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو سال کا بہترین کرکٹر قرار دیا۔ وہ آئی سی سی کی جانب سے سرگارفیلڈ سوبرز ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بھی بن گئے۔
24جنوری: جدیدپی این ایس طغرل اور10سی کنگ ہیلی کاپٹرز پاک بحریہ میں شامل کیے گئے۔
24جنوری: سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر اور پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی رضا ربانی کھر کے والد، سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر کے بھائی سابق وفاقی وزیر فشریز ملک غلام محمد نور ربانی کھر انتقال کر گئے۔
25جنوری: کابینہ نے کریمنل لاترامیم کی منظوری دی جس کے تحت ہر فوجداری کیس کا فیصلہ 9 ماہ میں کرنا لازمی ہوگا۔
25جنوری: سابق ٹیسٹ آف سپنر ثقلین مشتاق نے ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈیولپمنٹ کے عہدے سے استعفا دے دیا۔
25جنوری: سعودی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے، جرائم کے انسداد کے سلسلے میں تعاون کے معاہدے، نشہ آور اشیا کے غیر قانونی کاروبار کے انسداد میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے مسودوں کی منظوری دے دی۔
25جنوری: لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے موجودہ حکومت کے گیم چینجر منصوبے راوی اربن پراجیکٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے منصوبے پر فوری کام روکنے کا حکم دے دیا۔
25جنوری: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے جاری کردہ کرپشن پرسیپشن انڈیکس (سی پی آئی) برائے سال 2021میں پاکستان 180 ممالک میں 140 ویں درجے پر آگیا جب کہ گزشتہ برس پاکستان سی پی آئی رینکنگ میں 124ویں نمبر پر تھا۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان سمیت کْل 23 ممالک نیچے گئے، 25 ممالک بہتری کی طرف آئے، انڈیکس میں 131 ممالک نے اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ انڈیکس میں ڈنمارک، فن لینڈ اور نیوزی لینڈ سب سے بہتر ممالک ہیں، جن کا 180 ممالک کی فہرست میں سب سے بہتر 88 سکور ہے۔ بہترین ممالک میں ناروے، سنگاپور اور سوئیڈن 85 سکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر، سوئٹزر لینڈ 84 سکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پبلک سیکٹر کرپشن میں بھارت کا سکور 40 جب کہ پاکستان کا 28 ہے۔ پبلک سیکٹر کرپشن میں بھارت، مالدیپ، کوسوو اور مصر سمیت کئی ممالک پاکستان سے بہتر پوزیشن پر ہیں، پاکستان کے علاوہ میانمار کا بھی پبلک سیکٹر کرپشن سکور 28 ہے۔
25جنوری: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کی 79تحصیلوں میں ریسکیو1122سروس کا مرحلہ وار باضابطہ آغاز کر دیا۔
26جنوری: بریگیڈیئر (ر) محمدمصدق عباسی کو وزیر اعظم کا نیا مشیر برائے داخلہ و احتساب مقرر کردیا گیا۔
26جنوری: وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا اجرا کر دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان فلاحی ریاست کے طورپر دنیا کے لیے مثال بنے گا، آنے والا وقت قومی صحت کارڈ جیسے ہمارے اقدامات کی افادیت ثابت کرے گا، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی شہریو ں کو اس طرح کی ہیلتھ انشورنس میسر نہیں۔
26جنوری: پنجاب کی صوبائی کابینہ نے پنجاب پولیس شہداء پیکیج کی منظوری دے دی۔
26جنوری: پنجاب حکومت نے ملازمتوں پر 2سالہ عمر کی رعایت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جو نوجوانوں کو پہلے دی گئی 5سال کی عمر کے رعایت کے علاوہ ہوگی۔ 2سال کی عمر کی رعایت تمام ملازمتوں کے لیے ہوگی۔
27جنوری: ایچ بی ایل پی ایس ایل سیون کا آغاز ہو گیا۔
27جنوری: ایران سے متصل بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کے حملے میں 10 جوان شہید ہو گئے جب کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور 3 کو گرفتار کر لیا گیا۔
27جنوری: سندھ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان تحریری معاہدہ ہونے کے بعد کراچی میں نئے بلدیاتی نظام کے خلاف جاری دھرنا ختم کر دیا گیا۔
27جنوری: وفاقی حکومت نے کریمنل لاءریفارمز2021ءکے تحت ضابطہ فوجداری، ضابطہ تعزیرات پاکستان اور قانون شہادت کی دفعات میں100سے زائد نمایاں تبدیلیاں تجویز کردیں۔
28جنوری: سینیٹ سے سٹیٹ بینک ترمیمی بل صرف ایک ووٹ کی اکثریت سے منظور ہوگیا۔
28جنوری: عالمی اقتصادی فورم کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق نیب پاکستان کا انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہے۔ نیب کی موجودہ انتظامیہ کے دور میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں جن کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔
28جنوری: پاک بحریہ کے ایئر بورن فلیٹ میں دس قطری کنگ ہیلی کاپٹر شامل کیے گئے۔
29جنوری: سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نظر ثانی کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس کے مطابق سرینا عیسیٰ کی نظر ثانی درخواستیں اکثریت سے منظور کر لی گئیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سرینا عیسیٰ سے عدالت میں بیان لیتے وقت معاملہ ایف بی آر بھیجنے کا نہیں پوچھا گیا تھا، اُنھیں اس ہم ترین معاملے پر سماعت کا پوراحق نہیں ہی دیاگیاتھا، عدالت نے قرار دیاہے کہ آئین کے تحت شفاف ٹرائل ہرخاص وعام کابنیادی حق ہے لہٰذا صرف ایک جج کی اہلیہ ہونے کی بنیاد پرسرینا عیسیٰ کو ان کے آئینی حقوق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔
30جنوری: مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کے دورہ افغانستان کے دوران پاکستان اور افغانستان نے سرحدی تجارت شروع کرنے سمیت دیگر معاملات پر اتفاق کرلیا۔
01 فروری: برٹش ایشین ٹرسٹ نے نشاط گروپ آف کمپنیز اور ایم سی بی بینک لمیٹڈ کے چیئرمین اور معروف صنعت کار میاں منشا کو پاکستان میں اپنی مشاورتی کونسل کا سربراہ بنانے کا اعلان کیا۔
01 فروری: پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن اور چین کے نیوکلیئر اداروں کے ماہرین نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ K3 تکمیل کر لی۔
01 فروری: حکومت پاکستان نے انٹرنیشنل بانڈ سکوک کے اجراکے ذریعے کامیابی سے 1 بلین امریکی ڈالر حاصل کر لیے۔
02 فروری: وزیر اعظم عمران خان نے وزیراعظم آفس میں معروف صنعت کاروں اور تاجروں کے وفد سے ملاقات کی جس میں حکومت اور صنعت کاروں نےکم سے کم ماہانہ اجرت بڑھانے پر اتفاق کیا۔
02 فروری: آئی ایم ایف نے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت پاکستان کے لیےایک ارب ڈالرز کی منظوری دے دی۔
02 فروری: جسٹس عمرعطا بندیال نے 28ویں چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔
جسٹس عمر عطا بندیال چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے کے بعدبلحاظ عہدہ سپریم جوڈیشل کونسل، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے چیئرمین بھی بن گئے۔
02 فروری: قائداعظم محمد علی جناح کی سکیورٹی کے انچارج غلام جعفر سالار 105 برس کی عمر میں وفات پا گئے۔
02 فروری: لاہور سمیت پنجاب بھر کے پرائیویٹ کالجوں میں بی ایس آنرز میں کو ایجوکیشن پر پاپندی عائد کردی گئی، پابندی کی خلاف ورزی پر کالجوں کا الحاق منسوخ کر دیا جائے گا۔
03 فروری: سٹیٹ بینک نے پاکستان کے فوری ادائیگیوں کے نظام راست کے دوسرے مرحلے میں فرد سے فردکو فنڈ ٹرانسفر اور سیٹلمنٹ کی سہولت شروع کر دی۔
03 فروری: اسلام آبادہائیکورٹ نےججوں اوربیورو کریٹس کو پلاٹس دینے کی سکیم غیر قانونی اور غیرآئینی قرار دے دی۔
03 فروری: وزیراعظم عمران خان چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ4روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔
03 فروری: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سابق اولمپین رشید الحسن پر 10 سال کی پابندی عائد کردی۔
04 فروری: وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی)، پاکستان، اور نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (این ڈی آر سی)، چین نے سی پیک کے تحت صنعتی تعاون سے متعلق فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے۔
04 فروری: وزارت داخلہ نے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کو فول پروف سکیورٹی دینے کی منظوری دے دی۔
05 فروری: امریکا نے پاکستان کے نامزد آزاد کشمیر کے سابق صدر اور تجربہ کار سفیر مسعود خان کے ایگریما کی منظوری دے دی۔
05 فروری: وزیراعظم عمران خان نےاپنے وفد کے ہمراہ چین کے وزیراعظم سے ملاقات کی۔
06 فروری: وزیر اعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے سی پیک میں توسیع، خطے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون کو اہم عنصر قرار دیا جب کہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو فوری اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔
06 فروری: پاکستان کے معروف تن ساز (باڈی بلڈر) یحییٰ بٹ لاہور میں انتقال کرگئے۔
06 فروری: ثنا حیات نے مس پاکستان گلوبل 2022 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
07 فروری: سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز السعود نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، افغانستان کی موجودہ صورت حال اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
07 فروری: سپریم کورٹ نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کی نشستوں کی تعداد میں اضافہ کی درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ عدالت پارلیمنٹ کو ہدایات نہیں دے سکتی۔
07 فروری: معروف ناول نگار اور مصنفہ بشریٰ رحمٰن انتقال کرگئیں۔
07 فروری: پاکستان کے مایہ ناز گالفر محمد شبیر نے41ویں چیف آف دی ائیر سٹاف اوپن گالف چیمپین شپ اپنے نام کر لی۔
08 فروری: عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان میں بیوروکریسی کی نااہلی کو کاروبار اور سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ کی بڑی وجہ قرار دے دیا-آئی ایم ایف نے ریگولیشنز کی بہتات سے کرپشن کے خطرات میں اضافے کے خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔ پاکستان کی کنٹری رپورٹ میں آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ریگولیشنز کی بہتات اور کمزور ٹیکس سسٹم ٹیکس ادائیگیوں میں رکاوٹ ہے۔ رپورٹ کے مطابق سرحد پار تجارت اور پراپرٹی کی رجسٹریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے-اس سے کرپشن کے خطرات میں اضافہ ہوتا ہے جب کہ ملازمت کے مواقع اور سرمایہ کاری متاثر ہوتی ہے۔ آئی ایم ایف نے ٹیکس ادائیگی کا عمل آسان، کاروباری ماحول بہتر کرنے کے لیے اقدامات، قانونی اور ریگولیٹری اصلاحات، کاروبار شروع کرنے کا عمل سہل اور غیر ضروری ریگولیشنز ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی ایم ایف نے سرحد پار تجارت کے عمل کو بہتر کرنے، کسٹمز سے متعلق پروسسنگ ٹائم اور امپورٹ ایکسپورٹ دستاویزات کی تیاری میں کم وقت لگانے پر زور دیا ہے۔
08 فروری: وزیراعظم عمران خان نے ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کا اعلان کر دیا۔
08 فروری: معروف شاعر روحی کنجاہی، (پرائیڈ آف پرفارمنس) انتقال کر گئے۔
09 فروری: وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مشن گرین مڈل ایسٹ کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گرین ایم او یو پر دستخط ہو گئے۔
09 فروری: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا کو نا اہل قرار دے دیا، فیصلے کے بعد فیصل واوڈا بطور سینیٹر بھی فارغ ہوگئے۔
آئین کا آرٹیکل 62(1)(F) کیا ہے ؟
آئین کا آرٹیکل 62 مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) اراکین کی اہلیت سے متعلق ہے جس کی مختلف شقیں ہیں۔ آرٹیکل 62 کہتا ہے کہ کسی بھی شخص کے لیے پارلیمنٹ کا رکن ہونے کے لیے ان شقوں پر پورا اترنا ضروری ہے، جو یہ ہیں۔ (a) کوئی ایسا شخص پارلیمنٹ کا رکن بننے کا اہل نہیں جو پاکستان کا شہری نہ ہو۔ (b) آرٹیکل 62 بی کہتا ہے کہ رکن قومی اسمبلی کی عمر 25 سال ہونا ضروری ہے اور بطور ووٹر اس کے نام کا اندراج کسی بھی انتخابی فہرست میں موجود ہو جو پاکستان کے کسی حصے میں جنرل سیٹ یا غیر مسلم سیٹ کے لیے ہو۔ (c) رکن سینیٹ کی صورت میں 30 سال عمر ہونا ضروری ہے اور ایسے شخص کا صوبے کے کسی بھی حصے میں اس کا نام بطور ووٹر درج ہو، فاٹا کے ارکان بھی اس میں آتے ہیں۔ (d) آرٹیکل 62 ڈی کہتا ہے کہ ایسا شخص اچھے کردار کا حامل ہو اور اسلامی احکامات سے انحراف کے لیے مشہور نہ ہو۔ (e) ایسا شخص اسلامی تعلیمات کا خاطر خواہ علم رکھتا ہو اور اسلام کے منشور کردہ فرائض کا پابند ہو، نیز کبیرہ گناہ سے اجتناب کرتا ہو۔ (f) آرٹیکل 62 ون ایف کہتا ہے کہ پارلیمنٹ کا رکن بننے کا خواہش مند شخص سمجھ دار ہو، پارسا ہو، ایمان دار ہو اور کسی عدالت کا فیصلہ اس کے خلاف نہ ہو۔ (g) ایسے شخص نے پاکستان بننے کے بعد ملک کی سالمیت کے خلاف کام نہ کیا ہو اور نظریہ پاکستان کی مخالفت نہ کی ہو۔
09 فروری: وفاقی حکومت نے گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک کے وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔
09 فروری: ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری سے اختیارات لے کر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل کو چیئرپرسن کے اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
09 فروری:  سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کو پاکستانی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا۔
09 فروری: نئے آئین کی منظوری کے بعد پاکستان سپورٹس بورڈ کی تشکیل نو کردی گئی۔
10 فروری: وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بہترین کارکردگی پر دس وفاقی وزراءکو تعریفی سرٹیفکیٹ دیے گئے۔ بہترین کارکردگی میں مراد سعید کی وزارت مواصلات پہلے، اسد عمر کی وزارت منصوبہ بندی دوسرے، ثانیہ نشتر کی سماجی تحفظ و تخفیفِ غربت کی وزارت تیسرے نمبر پر، شفقت محمود کی وزارت تعلیم چوتھے نمبر پر رہی۔ شیریں مزاری کی وزارت انسانی حقوق پانچویں نمبرپر، خسرو بختیار کی وزارت صنعت و پیداوار چھٹے، مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف ساتویں، وزیر تجارت عبدالرزاق داؤد کی وزارت تجارت آٹھویں نمبر پر رہی۔ شیخ رشید کی وزارت داخلہ نویں اورفخرامام کی نیشنل فوڈ سکیورٹی کی وزارت آخری نمبرپررہی۔
10 فروری: وفاقی وزارت تعلیم کی ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈاکٹر عائشہ رزاق نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا۔
11 فروری: سندھ اسمبلی، ایوان نے تمام پارلیمانی گروپوں کی حمایت سے سندھ میں طلبا یونین کی بحالی کا تاریخی بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
12 فروری: افغانستان کو پاکستان کے راستے بھارتی گندم اور ادویات بھیجنے کے معاملات طے پا گئے ..
14 فروری: سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اورپاکستان کے مشہور محمد برادران میں دوسرے نمبر کے بھائی رئیس محمد 89 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
14 فروری: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے بانی کے خلاف تشدد پر اکسانے کے مقدمے کی سماعت برطانیہ کی کنگسٹن کرائون کورٹ میں ختم ہوگئی۔
کراؤن پراسکیوشن سروس (سی پی ایس) میں بانی متحدہ کو ٹیرر ازم ایکٹ 2006 کی سیکشن 1 ( 2 ) کے تحت مقدمے کا سامنا تھا۔ 12رکنی جیوری نے فیصلہ سنایا کہ بانی متحدہ پر دہشت گردی پر اکسانے کا جرم ثابت نہیں ہوسکا۔
14 فروری: لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے قندیل بلوچ قتل کیس کے مرکزی ملزم کو بری کردیا۔
14 فروری: ایران کے وزیر داخلہ احمد واحدی نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران جیو سٹرٹیجک ماحول بالخصوص علاقائی سلامتی کی صورت حال اور دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
15 فروری: وفاقی حکومت نےمیجر عرفان اسلم ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کوآرڈینیشن نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی مقرر کر دیا۔

انٹرنیشنل

16جنوری: مسز ورلڈ کا فائنل مسز امریکا شیلین فورڈ نے جیت لیا۔ مسز اردن اور مسز یو اے ای پہلی اور دوسری رنر اپ رہیں۔
16جنوری: امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقے کولیول میں یہودی عبادت گاہ پر قبضہ کرنے والا برطانوی شہری 44 سالہ ملک فیصل اکرم سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مارا گیا۔
16جنوری: سربیا کے ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کو مقدمہ ہارنے کے بعد آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
16جنوری: مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی دھمکی کے پس منظر میں ایرانی رہ نما علی خامنہ ای کا اکاؤنٹ معطل کر دیا۔
16جنوری: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پانچویں ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر ایشز سیریز 0-4 سے اپنے نام کر لی۔
17جنوری: بھارتی کلاسیکی رقص کتھک کے عالمی شہرت یافتہ فنکار اور بھارت کے دوسرے بڑے سول اعزاز پدمابھوشن کے حامل پنڈت برجو مہاراج 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
17جنوری: فوربز نے 23 سالہ جمی ڈونلڈسن کو2021کا سب سے زیادہ کمانے والا یوٹیوبر قرار دی اُنھوں نے اشتہارات، سپانسرشپس، کپڑوں، ویڈیو گیمز اور برگرز کی ترسیل سمیت مصنوعات کی بڑھتی ہوئی سلطنت سے 5.4 کروڑ ڈالر (3.9 کروڑ یورو) کی آمدن حاصل کی۔
17جنوری: ابوظہبی پر حوثی باغیوں کے مشتبہ ڈرون حملے کے نتیجے میں تیل کے پیٹرول ٹینکس پھٹنے سے ہونے والے دھماکوں میں ایک پاکستانی شہری سمیت 3افراد ہلاک ہو گئے۔
17جنوری: تین ایرانی سفارت کار اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے صدر دفاتر میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے سعودی شہر جدہ پہنچ گئے۔
17جنوری: عالمی سطح پر غربت کے خاتمے کی سرگرمیوں پر توجہ رکھنے والی بین الاقوامی فلاحی تنظیم آکسفیم نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران دنیا کے انتہائی غریب ممالک میں کم آمدنی والے طبقے میں 21ہزار اموات یومیہ ریکارڈ کی گئیں۔ جب کہ مارچ 2020 ء کے بعد سے دنیا کے 10امیر ترین افراد کی مجموعی دولت دوگنا سے زیادہ ہو ئی۔
17جنوری: شمالی کوریا نے امریکی پابندیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے جنوری 2022ء میں چوتھا غیرشناخت شدہ میزائل تجربہ کیا۔
18جنوری: برطانیہ نےیوکرین کو ٹینک شکن میزائل فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔
18جنوری: جرمنی کے چانسلر اولف شولز نے کہا کہ اگر روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو روس سے جرمنی آنے والی نورڈ سٹریم 2 گیس پائپ لائن بلاک کردی جائے گی۔
18جنوری: انڈونیشیا کا دارالحکومت جکارتا سے منتقل کرنے کا بل منظورکرلیا گیا۔ انڈونیشیا کے نئے دارالحکومت کا نام نوسنتارا ہوگا جوبونیو آئی لینڈ میں واقع ہے۔
18جنوری: مالٹا سے تعلق رکھنے والی قانون دان رابرٹا میٹ سولا کو یورپی پارلیمنٹ کی پہلی خاتون صدر مقرر کر دیا گیا۔
18جنوری: پولینڈ سے تعلق رکھنے والے سٹرائیکر رابرٹ لیوانو ڈوسکی نے مسلسل دوسرے سال فیفا فٹبالر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا۔
19جنوری: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کے خلاف برطانیہ میں بھارتی آرمی چیف اور وزیر داخلہ کی گرفتار ی کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
19جنوری: دنیا بھر کے 100 سے زائد کروڑ پتی افراد نے ایک انوکھی اپیل کی جس میں اُنھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اب ہم پر ٹیکس لگائو۔ یہ مطالبہ اس تحقیق کے بعد سامنے آیا ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے امیر ترین افراد ویلتھ ٹیکس کی مد میں 25 کھرب 20 ارب ڈالرز ادا کرسکتے ہیں۔ یہ رقم دنیا کے ہر فرد کے لیے کوروناوائرس ویکسین فراہم کرنے کے ساتھ 2.3 ارب افراد کو غربت سے باہر نکالنے کے لیے کافی ہوگی۔
19جنوری: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ماسکو میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کی۔
20 جنوری: یورپی یونین نے پولینڈ پر ڈسپلنری چیمبر بند کرنے میں ناکامی پر 70 ملین یوروجرمانہ عائد کردیا۔
20 جنوری: دنیا کا معمر ترین انسان ایک ہسپانوی موچی سیٹرنینوڈی لافیونٹے گارشیا اپنی 113 ویں سالگرہ سے ایک ماہ قبل ہی انتقال کرگیا۔
20 جنوری: فرانس کی سینیٹ نے حجاب پہن کرکھیلوں کے مقابلوں میں شرکت پرپابندی کی قرارداد منظورکرلی۔
21جنوری: بولی وڈ کے معروف گلوکار شان کی والدہ سونالی مکھرجی انتقال کرگئیں۔
21جنوری: یورپی یونین نے افغان دارالحکومت میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول لیا۔
21جنوری: امریکی صدر جو بائیڈن نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک مسلمان خاتون ماہر قانون، 44سالہ بنگلہ دیشی نژاد امریکی شہری نصرت جہاں چوہدری، کو وفاقی عدالت کی جج کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا۔
21جنوری: ایران، چین اور روس کی بحری افواج نے شمالی بحر ہند میں تیسری مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کردیا۔
22جنوری: امریکی کانگریس کے 13 ارکان کی جانب سے صدر جوبائیڈن کو خط لکھا گیا ہے جس میں افغانستان کو انسانی مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
21جنوری: امریکا نے سوڈان کو سویلین قیادت والی حکومت کی بحالی اور تشدد کے خاتمے تک اقتصادی امداد نہ دینے کا اعلان کیا۔
22جنوری: امریکا اور روس کے اعلیٰ سفارت کاروں نے یوکرین کے معاملے پر تنائوکم کرنے کے لیے کام کرنے پر اتفاق کرلیا۔
23جنوری: آرمینیا کے صدر نے اختیارات کی کمی کے باعث اپنے عہدے سے استعفا دے دیا۔
23جنوری: جنوبی افریقا نے ون ڈے سیریز میں بھارت کو وائٹ واش کر دیا۔
23جنوری: اسرائیل میں انتہائی قدامت پسندسب سے بڑی یہودی جماعت کے سربراہ نے ٹیکس فراڈ کیس میں سودے بازی کے بعدپارلیمنٹ کی رکنیت سےاستعفا دے دیا۔
23جنوری: برطانیہ میں ایک سابقہ مسلمان رکنِ پارلیمنٹ نصرت غنی نے الزام عائد کیا کہ اُنھیں مسلمان ہونے پر وزیر کے عہدے سے برطرف کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے مذہب کا معاملہ ایک حکومتی وہپ کے ذریعے اٹھایا گیا تھا جس کی وجہ سے اُنھیں2020ء میں وزیر کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔
23جنوری: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ طالبان کی غلطیوں کی سزا بھوک و افلاس سے نبرد آزما افغان عوام کو نہ دی جائے اور افغانستان کے منجمد اثاثوں کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔
23جنوری: طالبان حکام ناروے اور یورپی حکام کے ساتھ مذاکرات کے لیے پہلے دورہ پر یورپ پہنچ گئے۔
23جنوری: افغانستان نے ہالینڈ کو دوسرے ون ڈے میچ میں 48رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
23جنوری: امریکا نے ایسٹونیا کو امریکی ساختہ ہتھیار یوکرین کو فروخت کرنے کی اجازت دے دی۔
24جنوری: دنیا کی طاقت ور دوربین جیمز ویب سپیس ٹیلی سکوپ اپنےمدار میں زمین سے 15 لاکھ کلومیٹرکے فاصلے پرپہنچ گئی۔
24جنوری: برکینا فاسو میں فوج نے حکومت کا تختہ الٹ کرصدر روچ مارک کرسچن کابور کو اغوا اور اقتدار پر قبضہ کر لیا۔
24جنوری: ورلڈ اکنامک فورم سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے چین کے صدر شی جن پنگ نے بڑے ممالک سے کہا کہ وہ دنیا میں کورونا کی وجہ سے جاری معاشی خطرات سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں۔ اُنھوں نے کہا کہ ہمیں عالمی معیشت کو بحران سے ریکوری کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا، جس کے لیے ضروری ہے کہ میکرو پالیسی کوآرڈینیشن کا راستہ اختیار کیا جائے۔ بڑی معیشتوں کو چاہیے کہ وہ دنیا کو ایک معاشی کمیونٹی کی نظر سے دیکھیں۔
24جنوری: روس سے جنگ کے خطرے کے پیش نظر امریکا، برطانیہ اور آسٹریلیا نے اپنے سفارت کاروں کے اہل خانہ کو یوکرین سے واپسی کا حکم دیاجب کہ فرانس نے بھی اپنے شہریوں کو یوکرین کے غیر ضروری سفر سے روک دیا۔
25جنوری: مشہور زمانہ تاریخی ترک سیریز ’’ارطغرل غازی‘‘ میں آرتک بے کا کردار ادا کرنے والے تْرک اداکار آئبرک پیکچن 51 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
25جنوری: بھارت میں انسانی حقوق کی مروجہ خلاف ورزیوں کی وجہ سے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر (آفس آف دی ہائی کمشنر فار ہیومن رائٹس) شکایات کی شاخ نے بھارت کو ایک مراسلہ جاری کیا۔ اس نے افراد کی سمگلنگ (روک تھام، نگہداشت اور بحالی) بل 2021ء پر اور بین الاقوامی قانون کے تحت افراد کی سمگلنگ کو روکنے، سمگل کیے جانے والے افراد کی بلا امتیاز مدد اور تحفظ، صنفی مساوات کو یقینی بنانے اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے بین الاقوامی قانون کے تحت ریاستی ذمہ داریوں کی تعمیل پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
26جنوری: بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں موجود کشمیریوں اور پاکستانیوں کی جانب سے یوم سیاہ منایا گیا۔
26جنوری: سعودی محل سے زیورات کی چوری پر تھائی لینڈ کے ساتھ معطل ہونے والے سفارتی تعلقات تین دہائیوں بعد دوبارہ بحال ہوگئے۔
27جنوری: امریکی صدر جو بائیڈن نے ملٹری جسٹس کوڈ سے متعلق ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے جس کے تحت اب فوج میں جنسی ہراسانی کو جرم قرار دیا گیا ہے۔
27جنوری: طالبان نے امریکا کو دو ٹوک پیغام میں کہا کہ ہمیں تسلیم نہ کیا تو دشمنی کے دروازے کھلے ہیں۔
27جنوری: ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اسرائیل کے ساتھ تعاون کا اعلان کردیا۔
27جنوری: سکھوں نے واشنگٹن میں خالصتان کا پر چم بھارتی سفارت خانے کے باہر مہاتما گھاندھی کے مجسمے کے سامنے لہر ا دیا۔
27جنوری: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ افغانستان میں روزمرہ کی زندگی منجمد جہنم بن چکی ہے، طالبان دہشت گردی خطرات کم کرنے کے لیے عالمی برادری، سکیورٹی کونسل کے ساتھ کام کریں، افغانستان میں امدادی کارروائیاں محدود کرنے والے ضوابط معطل کیے جائیں اور عالمی امداد سے پبلک سیکٹر ورکرز کی تنخواہیں ادا کی جائیں۔
27جنوری: یورپ کے تاریخی دورے کے دوران وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی کی قیادت میں طالبان کے و فد نے فرانسیسی وزارت خارجہ کے سینئر اہل کار برٹرینڈ لوتھولری، برطانیہ کے خصوصی سفیر نائجل کیسی اور ناروے کی وزارت خارجہ کے ارکان سے ملاقات کی۔
28جنوری: میچ فکسنگ کے بارے میں سنسنی خیز انکشاف کرنے والے سابق زمبابوین ٹیسٹ کپتان برینڈن ٹیلر پر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ساڑھے تین سال کے لیے پابندی لگادی۔
28جنوری: بگ بیش لیگ کے فائنل میں پرتھ سکارچرز نےسڈنی سکسرز کو ہراکر چوتھی بار ٹائٹل جیت لیا۔
28جنوری: کیرالہ کی حکومت نے مسلمان پولیس کیڈٹ کے حجاب کرنے اورپوری آستین کی قمیض پہننے پرپابندی لگادی۔
28جنوری: ملک کے خلائی پروگرام کے بارے میں ’چین کا خلائی پروگرام: 2021 تناظر‘ کے عنوان سے ایک وائٹ پیپر جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ چین پاکستان کے لیے مواصلاتی سیٹلائٹ تیار کرنے اور پاکستان سپیس سینٹر کی تعمیر میں تعاون کو ترجیح دے گا۔
28جنوری: ناروے کی میزبانی میں ہونے والے اوسلو مذاکرات میں امریکا اور یورپی ممالک کے نمائندوں نے طالبان سے ڈومور کا مطالبہ کیا۔
28جنوری: مسجد الحرام کے معروف عالم شیخ ابو زکریاعظیم آبادی انتقال کرگئے۔
28جنوری: اتصالات نے دنیا کے صف اول کے برانڈ ویلیویشن ادارہ برانڈ فنانس (Brand Finance) سے دنیا میں مستحکم ترین ٹیلی کام برانڈ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
29جنوری: ترک صدر رجب طیب ایردوان نے 19 برس کی ریکارڈ شرح مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کرنے پر ریاستی شماریاتی ایجنسی کے سربراہ سیٹ اردل ڈنسر کو عہدے سے ہٹادیا۔
29جنوری: امریکا نے مصر کو 130ملین ڈالر کی فوجی امداد منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔
29جنوری: یوکرین کے معاملے پر امریکی صدر جو بائیڈن نے مزید فوجیوں کو مشرقی یورپ بھیجنے کا اعلان کیا۔
29جنوری: یورپ اور امریکا نے طالبان کے ساتھ خصوصی سمٹ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں افغانستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے کیش کی فراہمی پر اتفاق کیا گیا ہے۔
30جنوری: اسرائیلی صدر اپنے پہلے دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔
30جنوری: اٹلی کے موجودہ سربراہ مملکت سرجیو ماتاریلا کو ایک مرتبہ پھر ملکی صدر منتخب کر لیا گیا۔
30جنوری: شمالی کوریا نے2017کے بعد کا سب سے طاقت ور ترین میزائل تجربہ کیا۔
30جنوری: کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ملک کو مسلمانوں کے لیے محفوظ ترین ملک بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامو فوبیا کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہے۔ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے ہم خصوصی نمائندہ مقرر کریں گے۔
30جنوری: سپین کے رافیل نڈال نے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ یہ ان کے کیر یئر کا 21واں گرینڈ سلیم تھا۔ وہ دنیا کے سب سے زیادہ گریند سلیم ایونٹ جیتنے والے کھلاڑی بن گئے۔
01 فروری: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یوکرین کا دورہ کیا۔
01 فروری: بھارتی فضائیہ میں خاتون پائلٹ نے مستقل بنیادوں پر شمولیت اختیار کرلی۔
01 فروری: بھارتی لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، وی ایس ایم نے فوج کے نائب سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا۔
01 فروری: اگلے مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے بھارت کی حکومت نے اعلان کیا کہ وہ ریاست کا حمایت یافتہ ’ڈیجیٹل روپیہ‘ متعارف کرائے گا جس سے ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا۔
01 فروری: عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے قرار دیا کہ کسی بھی ملک کے لیے کورونا کے آگے ہتھیار ڈالنا یا فتح کا اعلان کرنا قبل از وقت ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ وائرس خطرناک ہے اور ہماری آنکھوں کے سامنے اس کا ارتقائی عمل ہو رہا ہے، کچھ ممالک کی طرف سے کورونا پابندیوں کو ختم کرنا تشویش ناک ہے۔
01 فروری: بھارتی حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے 530 ارب ڈالر (93کھرب 71 ارب سے زائد پاکستانی روپے) کا بجٹ پیش کردیا جس میں جنگی بجٹ کے لیے 52 کھرب 50 ارب بھارتی روپے یعنی 124 کھرب 14 ارب سے زائد پاکستانی روپے مختص کیے گئے ہیں۔
01 فروری: امریکی صدر جو بائیڈن نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں اُنھوں نے اعلان کیا کہ وہ قطر کو ایک بڑے غیر نیٹو اتحادی کے طور پر نامزد کریں گے۔
01 فروری: افریقی ملک برکینا فاسو میں فوج کی جانب سے تختہ الٹنے کے بعد افریقی ممالک کی یونین کی سلامتی کونسل نے رکنیت معطل کر دی۔
02 فروری: بورس جانسن اور ولادیمیر پیوٹن نے فون پر رابطہ کیا اور دونوں رہنمائوں نے یوکرین تنازع کا پر امن حل نکالنے پر اتفاق کیا۔
02 فروری: برطانوی حکومت کی جانب سے ملک کے امیر اور غریب طبقوں کے درمیان فرق ختم کرنے کے لیے ’’لیولنگ اپ‘‘پلان متعارف کرا دیا۔
02 فروری: بھارتی قومی ترانے کا احترام نہ کرنے پر مقامی عدالت نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کو سمن جاری کردیا۔
02 فروری: کابل ایئرپورٹ سے چارٹرڈ پرواز کے ذریعے انخلا کے معاملے پر قطر اور طالبان کا معاہدہ طے پاگیا۔
02 فروری: طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی بار یونیورسٹیز کھل گئیں اور طالبات کو برقع پہننے کی لازمی شرط کے ساتھ جامعات میں آنے کی اجازت دے دی گئی۔
02 فروری: آئی سی سی سپرٹ آف دی کرکٹ ایوارڈ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کو مل گیا۔
02 فروری: سعودی عرب کی شوریٰ کونسل نے قومی پرچم اورقومی ترانے کے نظام میں تبدیلی کی ترمیم متفقہ طورپرمنظورکرلی۔
02 فروری: صدر سی این این جیف زوکر نے دفتری ساتھی سے تعلق خفیہ رکھنے پر استعفا دیا۔
03 فروری: بحرین اور اسرائیل نے تعلقات کی بحالی کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد سکیورٹی تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کرلیے۔
03 فروری: کامسٹیک نے 9 کیٹیگریز میں سال 2021ء کے کامسٹیک ایوارڈز جیتنے والےسائنس دانوں کا اعلان کیا ہے، اس سال کامسٹیک نے حیاتیات اور کیمیا کے شعبوں میں دو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز کا اعلان کیا ہے، حیاتیات میں یہ ایوارڈ پروفیسر ڈاکٹر اشرف انسٹی ٹیوٹ آف مالیکیولر بائیولوجی اینڈ بائیو ٹیکنالوجی یونیورسٹی آف لاہور کو دیا گیا ہے۔
03 فروری: امریکا کے اعلیٰ حکام کے مطابق شمال مغربی شام میں امریکی سپیشل فورسز کی ایک کارروائی میں شدت پسند تنظیم داعش کے سربراہ ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کو ہلاک کر دیا گیا۔
03 فروری: امریکا نے عالمی بینکوں کو انسانی مقاصد اور امدادی گروپوں کے لیے افغانستان میں رقم منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔
04 فروری: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے بیجنگ میں صدر شی جن پنگ سے ایک ملاقات میں چین کے ساتھ ایک نیا گیس کا معاہدہ کر لیا۔
04 فروری: روس نے نیٹو میں نئے ارکان شامل کیے جانے کی مخالفت کے معاملے پر چین کی حمایت بھی حاصل کرلی۔
04 فروری: فلپائن کوسٹ گارڈز نے مسلمان خواتین کی سہولت کو دیکھتے ہوئے اپنے اہل کاروں کے یونیفارم میں سکارف کو شامل کیے جانے کی منظوری کا اعلان کیا۔
05 فروری: امریکا نے ایران کے سول جوہری پروگرام پر عائد پابندیوں پر دیا گیا وہ استثنا بحال کرنے کا اعلان کیا جو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ختم کر دیا تھا۔
05 فروری: یوکرین پر روسی حملے کے خطرے کے پیش نظر امریکی فوجیوں کا اضافی دستہ پولینڈ پہنچ گیا۔
05 فروری: ابوظہبی میں ویٹیکن کے سفارتی دفتر کا افتتاح کیا۔
06 فروری: بھارت نے پانچویں مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل جیت لیا۔
06 فروری: پلاٹینم جوبلی کے موقع پر 95 برس کی ملکہ الزبتھ نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بعد شہزادہ چارلس بادشاہ اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر ملکہ برطانیہ ہوں گی۔
06 فروری: بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر 92سال کی عمر میں چل بسیں، سروں کی ملکہ اور ’بلبل ہند‘ کہلائے جانے والی لتا منگیشکر نے اپنی سریلی آواز سے کئی نسلوں کے دلوں پر راج کیا، اُنھوں نے 30ہزار سے زائد گانے گائے۔
06 فروری: تیونس کے صدر نے سپریم جوڈیشل کونسل تحلیل کردی۔
07 فروری: عراقی پارلیمان میں ملکی صدر کے انتخاب کے لیے طے شدہ ووٹنگ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
07 فروری: متحدہ عرب امارات کی قومی کونسل کے وفد نے پہلی بار اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ کا دورہ کیا۔
07 فروری: سینیگال کی ٹیم پہلی مرتبہ افریقا کپ آف نیشنزکی چیمپین بن گئی۔
07 فروری: قازقستان کے ٹینس کھلاڑی الیگزینڈر ببلک نے اے ٹی پی اوپن سوڈ ڈی فرانس ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔
08 فروری: بھارتی ریاست کرناٹک میں ہندو انتہا پسندوں نے مسلم باحجاب طالبہ کو گھیر لیا، مسکان نے تنہا ہجوم کا سامنا کرتے ہوئے نعرہ تکبیر بلند کیا۔
08 فروری: بھارت کے کامیاب ترین بزنس مین مکیش امبانی سے ایشیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز اُنھی کے ملک کے نسبتاً غیر معروف تاجر گوتم اڈانی نے چھین لیا۔
08 فروری: افغان طالبان کا وفد سوئس حکام سے بات چیت کے لیے جنیوا پہنچ گیا۔
09 فروری: امریکی ریاست ایلی نوائے میں بسنے والے پنجابیوں کی خدمات کے اعتراف کے طور پرریاست میں فروری کو پنجابی زبان کا مہینا قرار دے دیا گیا۔
10 فروری: 1980ء کی دہائی میں فرانس کے دارالحکومت پیرس کی ایک لیبارٹری میں ایچ آئی وی (ایڈز) کا وائرس دریافت کرنے والے نوبیل انعام یافتہ سائنس دان پروفیسر لوچ مونتانیے (Luc Montagnier) 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
11 فروری: بھارت میں تحریک طالبان انڈیا کے قیام کا اعلان کردیا گیا۔
12 فروری: معروف امریکی مفکر پروفیسر نوم چومسکی نے کہا کہ اسلامو فوبیا جو اب پورے مغرب میں بڑھ رہا ہے، بھارت میں اپنی سب سے مہلک شکل اختیار کر رہا ہے جہاں مودی حکومت منظم طریقے سے بھارت کی سیکولر جمہوریت کو ختم کر رہی ہے اور ملک کونسل پرست ہندو ریاست میں تبدیل کر رہی ہے۔
12 فروری: عرب ممالک کی تاریخ میں پہلی بار اسرائیلی افسر کو تعینات کیا گیا ہے۔ یہ تعیناتی بحرین میں کی گئی ہے۔
13 فروری: امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے یوکرینی ہم منصب ولودومیر زیلنسکی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جس میں یوکرینی سرحدوں کے قریب روسی افواج کی موجودگی کے خلاف سفارت کاری اور مزاحمت دونوں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
13 فروری: سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی آرامکو کے چار فی صد حصص خودمختار دولت فنڈ (پبلک انویسٹمنٹ فنڈ) کو منتقل کردیے۔
13 فروری: امریکا کے ایف-22 لڑاکا طیارے حوثی باغیوں کے ممکنہ حملوں کو روکنے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔
14 فروری: ترک صدر رجب طیب ایردوان 2013 کے بعد متحدہ عرب امارات کے اپنے پہلے دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے۔
15 فروری: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نیوزی لینڈ میں منعقد ہونے والے خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کی مجموعی انعامی رقم میں ریکارڈ 75 فیصد اضافہ کا اعلان کر دیا۔

Check Also

15 Japanese Concepts

Listen to this article Please Login or Register to view the complete Article Send an …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *