Saturday , November 26 2022
Home / Archive / اہداف کو کیسے حاصل کریں

اہداف کو کیسے حاصل کریں

Listen to this article

اہداف  کیسے حاصل کریں

اہم نکات جو ہدف کے حصول میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں

جب بھی انسان اپنے طے کیے گئے اہداف کو حاصل کرنے کے قریب پہچتا ہے تو خوشی کے ساتھ ساتھ اطمینان بھی محسوس کرتا ہے۔ اہداف کا حصول شاید اتنا بڑا کام نہ ہو جتنا کہ اُن کا تعین ہے۔
زندگی میں سب سے مشکل کام اہداف کا وضع کرنا اور پھر اُن کا تحفظ کرنا ہے۔ اکثر لوگ اپنے اہداف کو حاصل کرنے میں ناکام ہوجاتے ہیں جس کی ایک وجہ مختلف عناصر کا راہ میں رکاوٹ بننا اور حصول کے اِس سفر کے دوران اہداف سے توجہ کا ہٹ جانا ہے۔ ایسی ہی رکاوٹوں سے بچنے کے لیے ذیل میں ہم نے کچھ نکات پیش کیے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے کسی بھی مقصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یہ نکات متعدد بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں کی جانے والی نفسیاتی تحقیقات پر مبنی ہیں۔
1۔ خود اعتمادی
کسی مقصد کا تعین کرنے کا پہلا قدم خود پر مطلق یقین رکھنا ہے۔ اگر آپ کو خود پر اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد نہیں ہے تو آپ اپنے عزم سے ہٹ بھی سکتے ہیں۔ اگر آپ اپنے اِردگرد دیکھیں تو ایسی بہت سی چیزیں نظر آئیں گی جو ابتدائی طور پر کسی کے خیال کی تخلیق ہوں گی لیکن اُنھیں حقیقت میں ڈھالنے کے لیے یقیناً بہت محنت کرنا پڑی ہوگی۔
2۔ اہداف کو لکھنا
اپنے اہداف کو ضرور کہیں نہ کہیں لکھیں۔ اُن کے حصول کے لیے تفصیلی منصوبہ بنائیں اور باقاعدہ ایک ٹائم لائن کے تحت اُن مقاصد کے لیے کوشش کریں۔ لکھنے سے بہت کچھ واضح ہو جاتا ہے۔
ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اپنے اہداف لکھنے والا شخص اُن کے حصول میں 42 فیصد زیادہ کامیاب ہوتا ہے۔
3۔ واضح اہداف طے کریں
اگر آپ کی سمت مبہم ہے تو اہداف کا حصول مشکل ہو جائے گا۔ طے شدہ اہداف کو پانے کی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مخصوص سمت میں چلا جاتا ہے جس کے بعد اُن کا حصول ممکن ہوتا ہے۔
4۔ حقیقت پسندی
قابل امکان اہداف کا تعین بھی بہت ضروری ہے۔ اگر آپ کے اہداف مخصوص معیارات پر طے کیے گئے ہیں تو آپ اُن کے حصول کی طرف باآسانی پیش رفت کر سکتے ہیں۔
5۔ قابل حصول اہداف بنائیں
اِس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کا ہدف آپ کے طرز زندگی کے مطابق ہو۔ اگر آپ کے پاس کچھ حاصل کرنے کے لیے وقت، رقم، یا تجربہ نہیں ہے تو آپ اپنے آپ کو ناکام سمجھیں گے اور اِس سے آپ کا حوصلہ بھی پست ہوگا۔
6۔ ٹائم فریم کا تعین
اِس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنے اہداف کو دانش مندی کے ساتھ طے کر رہے ہیں اور یہ کہ آپ کے پاس ایک حقیقت پسندانہ ٹائم فریم ہے جو آپ کو اُن اقدامات پر عمل درآمد کرنے میں سہولت دے گا۔
7۔ حقیقت پسندانہ اہداف طے کریں
آپ کا مقصد ایک ایسا حقیقت پسندانہ ہدف ہونا چاہیے جس کے لیے آپ رضامند اور قابل ہوں۔ یہ صرف آپ خود ہی طے کر سکتے ہیں کہ آپ کا مقصد کتنا اہم ہے۔ لیکن آپ کو یقینی بنانا ہوگا کہ مقصد کو حاصل کرنے کے لیے حقیقت پسندانہ امکان موجود ہے۔
مقاصد کے حصول کے لیے ایک ٹائم لائن طے کریں کہ کب کیا کرنا چاہیے۔ حتمی تاریخ طے کرنے سے مقاصد کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور جیسے جیسے اِس کی تکمیل کی طرف پہنچیں گے تو حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔
8۔ جواب دہی یقینی بنائیں
جب آپ کسی مقصد کی جانب بڑھ رہے ہوتے ہیں تو یاد رکھیں کہ راستے میں مشکلات بھی آئیں گی۔ جب آپ کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے تو اپنا محاسبہ کریں۔ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کو اپنے اہداف کے بارے میں بتانے سے کم از کم یہ ہوگا کہ وہ اُن سے متعلق اکثر آپ کو جواب دہ ٹھہراتے رہیں گے۔
9۔ مدد طلب کریں
اپنے آس پاس کے لوگوں سے ضرور سیکھیں۔ کسی سے مدد مانگنا شرم کی بات نہیں ہے۔ اکثر اوقات اپنی صلاحیتوں کا جائزہ لیں اور جہاں مدد چاہیے ہو ضرور مانگیں۔
10۔ پیش رفت کا جائزہ لیں
یاد رکھیں حتمی نتیجہ ضروری نہیں ویسا ہی ہو جو آپ نے شروع میں طے کیا ہو۔ اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کرنا اور اہداف کے حصول کے دوران اپنی پیش رفت کا مستقل جائزہ لیتے رہیں۔

Check Also

Islamic Studies 23-11-2022

Listen to this article Islamic Studies 23-11-2022 Jahangir’s World Times E-mail: worldtimes07@gmail.com Ph: 0302 555 …

Leave a Reply

%d bloggers like this: