Wednesday , November 30 2022
Home / Archive / 12 حیران کن ایجادات (12 Amazing Inventions)

12 حیران کن ایجادات (12 Amazing Inventions)

Listen to this article

کنزیومر الیکٹرانکس شو 2021ء میں پیش کی گئی

12 حیران کن ایجادات

ہر سال لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرانکس شو (سی ای ایس) کے موقع پر چند حیران کن گیجٹس اور ڈیوائسز پیش کیے جاتے ہیں۔ چوں کہ لوگوں کی زیادہ توجہ ٹی ویز، مانیٹرز اور تیز سی پی یوز پر مرکوز ہوتی ہے، اِس وجہ سے متعدد حیران کن ڈیوائسز نظروں میں نہیں آتیں۔ اِس سال کورونا وائرس کی وبا کے باعث سی ای ایس میں شریک افراد کی تعداد زیادہ نہیں تھی اور شاید اِس وجہ سے بھی زیادہ تر حیران کن ڈیوائسز توجہ میں نہیں آسکیں۔ آئیے، ایسی ہی چند ڈیوائسز کے بارے میں جانتے ہیں جو دنگ کردینے والی ہیں۔

1۔ او ایل ای ڈی فٹنس بائیک
ایسے افراد کے لیے کہ جنھیں سائیکل چلانا پسند نہیں، ایل جی نے بائیک کے سامنے 55 انچ کا بڑا او ایل ای ڈی ڈسپلے نصب کردیا ہے تاکہ ورزش کے ساتھ ساتھ تفریح بھی جاری رہے۔ یہ 3 ڈسپلے ہیں جن کو ایک کردیا گیا ہے۔ اِس کے سامنے سائیکل کے پیڈل چلاتے ہوئے محسوس ہوگا کہ جیسے آپ کہیں باہر سفر کررہے ہیں۔

2۔ تیز ٹوتھ برش
فرانسیسی کمپنی فاس ٹیش نے سی ای ایس 2022ء کے دوران ایک نیا کانسیپٹ برش پیش کیا جس کے دونوں اطراف میں ریشے موجود ہیں۔ اب منہ میں اِس ڈیوائس کو پلٹنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اِس نئے ٹوتھ برش کو منہ میں رکھ کر دونوں اطراف کو حرکت دیں اور بس۔ اور ہاں اِس میں 6 نئے وائبریشن موڈز بشمول گم کیئر، وائٹننگ اور پالشنگ موجود ہوں گے۔

3۔ للی لیمپ
یہ ایک خاص لیمپ ہے جو Dyslexia (ایسا مرض جس کے شکار افراد کو الفاظ پڑھنے، پہچاننے، سمجھنے اور لکھنے میں مشکل ہوتی ہے) سے متاثر افراد کو مطالعہ میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اِس لیمپ میں ایسی فلیشز بنتی ہیں جو انسانی آنکھ کو نظر نہیں آتیں مگر متاثر افراد کے لیے الفاظ کو سمجھنا آسان بناتی ہیں، اِس کی قیمت 349 یورو رکھی گئی ہے۔

4۔ نائکس سرور
کیا یہ زبردست نہیں ہوگا کہ آپ اپنے کمپیوٹرپر گیم کھیلتے ہوئے اُسے ٹی وی پر سوئچ کرسکیں؟ نائکس سرور مستقبل کی اِسی ٹیکنالوجی سے لیس ہے جس سے گھر کے اندر ڈیوائسز کو بغیر کسی مشکل کے سوئچ کرنا ممکن ہو سکے گا۔ کنٹرولر ایک سینٹرل پوائنٹ کا کام کرے گا اور ایک مخصوص ایپ سے ڈیوائسز کو سوئچ کیا جاسکے گا۔

5۔ رنگ بدلتی گاڑی
بی ایم ڈبلیو نے ایک ایسی گاڑی پیش کی ہے جو گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اِس گاڑی کے لیے ای انک میں موجود الیکٹروفوریٹک ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے۔ اِس ٹیکنالوجی کی مدد سے اِس گاڑی رنگ لگ بھگ فوری طور پر بدل جاتا ہے۔ گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے کی یہ صلاحیت صارف کی مرضی کے مطابق کام کرتی ہے۔ چاہے تو آپ پوری گاڑی کا رنگ بدل دیں، ورنہ اطراف میں بدلا جاسکتا ہے، پٹیوں کی شکل یا جیسا دل کرے۔ فی الحال یہ گاڑی بلیک، وائٹ اور گرے رنگ بدل سکتی ہے۔

6۔ سمارٹ دروازے
اپنے دروازے میں مختلف سمارٹ ٹیکنالوجیز کو نصب کرنے کے بجائے آپ ایک سمارٹ دروازہ ہی کیوں نہیں خرید لیتے؟ ماسونائٹ نامی کمپنی نے ایم پاور ڈور تیار کیا ہے جس میں ایک رنگ ویڈیو ڈور بیل اور سمارٹ لاک نصب ہیں جب کہ متعدد سنسرز بھی اِس کا حصہ ہیں۔

7۔ ڈیجیٹل گٹار
گٹاربجانے میں مزا تو آتا ہے مگر اِس کو سیکھنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ ویسے تو اِس کو آسان بنانے کے لیے متعدد ڈیجیٹل گٹار اور ایپس موجود ہیں مگر سام سنگ کی سی لیب کے ڈیجیٹل گٹار زیم سٹار میں سب کو اکٹھا کردیا گیا ہے۔ اِس میں ہر جگہ لائٹس نصب ہیں جو درست نوٹس کا عندیہ دیتی ہیں۔

8۔ صحت پر نظر رکھنے والا بلب
آج کل بینڈز اور سمارٹ واچز کی بھرمار ہے مگر یہ صرف ایک فرد کی صحت کی مانیٹرنگ کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سینگلڈ نامی کمپنی نے ایک نیا سمارٹ بلب متعارف کرایا ہے جس میں موجود راڈار ٹیکنالوجی دھڑکن کی رفتار، نیند کے رجحانات اور جسمانی درجہ حرارت کو ٹریک کرتی ہے۔

9۔ بالوں کا رنگ بدلنا ہوا آسان
معروف کاسمیٹکس کمپنی لورال نے پہلی بار بالوں کی رنگت بدلنے والی ڈیوائس پیش کی ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اچھے نتائج کے لیے اب لوگوں کو سیلون کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ لورال نے یہ ڈیوائس 5 سال کی محنت کے بعد تیار کی ہے اور اِسے کلر سونک کا نام دیا گیا ہے۔ اِس میں موجود مکسر میکنزم ہیئر کلر کے درست تناسب کو یقینی بناتا ہے۔

10۔ سمارٹ لینز
یہ کانسیپٹ لینز ہیں جو انسانی آنکھوں کے سامنے رئیل ٹائم میں تفصیلات فراہم کرتے ہیں۔ اِن ود کارپوریشن نے اِس لینز کو تیار کیا ہے جسے اِس نے دنیا کا پہلا سافٹ الیکٹرونک کانٹیکٹ لینز قرار دیا ہے۔ یہ لینز سمارٹ فون یا کسی بھی ڈیوائس کے ساتھ کام کرکے ارگرد کے بارے میں رئیل ٹائم تفصیلات فراہم کرتے ہیں، جیسے کسی سڑک پر گاڑی کی رفتار کی حد کیا ہے، کس سمت کو جانا چاہیے اور بھی بہت کچھ۔

11۔ فولڈ ایبل لیپ ٹاپ
سی ای ایس نمائش کے دوران اوسوز نے زین بک 17 فولڈ او ایل ای ڈی نامی لیپ ٹاپ پیش کیا جس میں 17.3 انچ کا فولڈ ایبل او ایل ای ڈی ڈسپلے ہے۔ کمپنی کے مطابق ایک فولڈ ایبل ڈیوائس کا بڑا فائدہ بڑی سکرین کو آسانی سے بیگز میں فٹ کرنا ہے، بالخصوص اُن افراد کے لیے جنھیں ہر وقت لیپ ٹاپ لٹکا کر سفر کرنا ہوتا ہے۔ اوسوز کا لیپ ٹاپ جب فولڈ کیا جاتا ہے تو اِس کی سکرین 12.3 انچ کی ہوجاتی ہے جس کے ساتھ ایک بلیوٹوتھ کی بورڈ اور ٹچ پیڈ استعمال کیا جاسکتا ہے جو کمپنی کی جانب سے الگ سے فراہم کیا جائے گا۔ اِس لیپ ٹاپ کو میز یا کسی بھی جگہ رکھ کر کام کیا جاسکتا ہے۔ فولڈ شکل میں بھی ریزولوشن فل ایچ ڈی ہوتا ہے۔

12۔ سگنل کے مطابق انٹینا ایڈجسٹ کرنے والا راؤٹر
ٹی پی لنک کا نیا آرچر اے ایکس ای 200 اومنی وائی فائی راؤٹر 6 وائی فائی سٹینڈرڈ پر کام کرسکتا ہے۔ اِس راؤٹر میں 4 ایڈجسٹ ایبل انٹینا ہیں جو خودکار طور پر اپنی پوزیشن موٹرائزڈ میکنزم کی مدد سے ایڈجسٹ کرکے وائی فائی سگنل کو طاقت ور بناتے ہیں۔ مثال کے طور پرسمارٹ فون وائی فائی پر چل رہا ہو اور اُس کو لے کر گھر کے کسی اور کونے پر چلے جائیں تو یہ انٹینا اپنا رخ اُس کے مطابق بدل لیں گے۔

Check Also

Trade Volume between TÜRKİYE and PAKISTAN. 28-11-2022

Listen to this article Trade Volume between TÜRKİYE and PAKISTAN.  Jahangir’s World Times E-mail: worldtimes07@gmail.com …

Leave a Reply

%d bloggers like this: