انٹر نیشنل
مئی -16: چین کے شمال مغربی صوبہ شانشی کے دارالحکومت شی آن میں پانچویں شاہراہ ریشم بین الاقوامی نمائش اختتام پذیر ہو گئی۔ اِس نمائش میں تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
مئی-16: غزہ اور بیت المقدس کی صورت حال پر اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیم نے ایک قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا کہ حالات کی خرابی کا ذمہ دار مکمل طور پر اسرائیل کو ٹھہراتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
مئی-16: غزہ کی صورت حال پر منعقد ہونے والا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ رہا۔ امریکا نے ایک بار پھر اسرائیل کے خلاف مشترکہ اعلامیہ جاری کروانے کی کوشش رکوادی۔
مئی-16: لیسٹر سٹی نے ایف اے کپ کے فائنل میں چیلسی کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
مئی-17: میکسیکو کی 26 سالہ آندریا میزا نے مس یونیورس 2021 کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ اِس مقابلے میں برازیل اور پیرو کی حسینائیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔
مئی-18: امریکا نے میانمار کے 16 وزیروں اور مرکزی بینک پر پابندیاں عائد کر دیں۔
مئی-18: سعودی عرب کی 13 سالہ بچی ریتاج الحازمی کا نام دنیا کی کم عمر ترین ناول نگار کے طور پر گینز بک آف ریکارڈز میں درج کر لیا گیا۔ ریتاج الحازمی کا پہلا ناول 2019ء میں Treasure of the Lost Sea (گم شدہ سمندر کا خزانہ) کے عنوان سے شائع ہوا۔ اُس وقت ریتاج کی عمر صرف 11 سال تھی۔ اسی سال اِس کا دوسرا ناول Portal of the Hidden World شائع ہوا۔
مئی-18: حضرت مخدوم علاؤ الدین علی احمد صابر کلیر شریف (انڈیا) کے سجادہ نشین حضرت شاہ منصور اعجاز قدوسی صابری انتقال کر گئے۔
مئی-19: لبنان کے وزیر خارجہ شربل وہبی نے استعفا دے دیا۔
مئی-19: امریکی کانگریس نے ایشیائی نژاد امریکیوں کے خلاف تشدد کے واقعات پر قابو پانے کی خاطر اکثریتی رائے سے ایک قانون کی منظوری دے دی۔
مئی-15: بھارت کی ممتاز خاتون فکشن نگار اور شاعرہ ڈاکٹر ترنم ریاض کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئیں۔
مئی-20: بزنس میگزین فوربز نے دنیا کے سب سے زیادہ ارب پتیوں کے سرفہرست 10 شہروں کی فہرست جاری کردی۔ فوربز کے مطابق بیجنگ نے دنیا میں سب سے زیادہ ارب پتی رکھ کر نیویارک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ 2021 کی فوربز کی عالمی فہرست میں 2755 ارکان ہیں جن میں سے 25 فیصد دس شہروں میں رہتے ہیں اور اُن میں سے 10 فیصد سے زائد 5 بڑے چینی شہروں بشمول بیجنگ (100)، ہانگ کانگ (80)، شینژن (68)، شنگھائی (64) اور ہینگژو (47) میں رہتے ہیں۔
مئی-20: فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین نے مناکو کو شکست دے کر فرنچ فٹبال کپ جیت لیا۔
مئی-21:IMFنے کورونا ختم کرنے کے لیے ۵۰ارب ڈالرز کا منصوبہ تجویز کر دیا۔
مئی-21: سافٹ بال اور بیس بال کے ایونٹ 13سال بعد اولمپکس کا حصہ بن گئے۔ سافٹ بال میں خواتین اور بیس بال میں مردوں کے مقابلے ہوں گے۔
21 مئی: نائیجیریا کے آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل ابراہیم عطاہیرو طیارہ حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
مئی-21: اسرائیل اور حماس نے غیرمشروط جنگ بندی کی مصری تجویز کو قبول کر لیا۔
21 مئی: امریکی صدر جوبائیڈن نے ایشیائی نژاد امریکیوں پر تشدد کے خلاف بل پر دستخط کردیے، بل کو کووڈ 19 ہیٹ کرائمز ایکٹ کانام دیا گیا ہے۔
21 مئی: یورپی یونین کے قانون ساز اور رکن ممالک ایک معاہدے پر متفق ہو گئے جس کے تحت یونین کے کسی بھی رکن ملک کے کسی بھی شخص کو کورونا ویکسینشن سرٹیفیکیٹ، کووڈ ٹیسٹ کے نتائج یا انفیکشن سے صحت یاب ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔اِس ٹریول پاس یا سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر، جسے یورپی کمیشن نے ’’گرین سرٹیفکیٹ‘‘ کا نام دیا ہے، کوئی بھی شخص یورپی یونین کے رکن ممالک کے اندر کسی روک ٹوک کے بغیر سفر کر سکے گا۔
22 مئی: یورپی ملک پولینڈ نے ترکی سے 24مسلح ڈرون طیارے خریدنے کا اعلان کیا۔ یوں پولینڈ ترک ڈرونز خریدنے والا پہلا نیٹو اتحادی ملک بن جائے گا۔
22 مئی: عالمی ہاکی فیڈریشن کے صدارتی انتخاب میں بھارتی ہاکی فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر نریندر بٹرا ایک بار پھر دوسری مدت کے لیے صدر منتخب ہوگئے۔
22 مئی: ایران نے مقامی طور پر تیار کردہ 2 ہزار کلومیٹرتک مار کرنے والے لڑاکا ڈرون کی نمائش کرتے ہوئے فلسطینیوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اِس کا نام ‘غزہ‘ رکھ دیا۔
22 مئی: بالی ووڈ کے نامور میوزک ڈائریکٹر وجے پٹیل عرف لکشمن چل بسے۔78 سالہ میوزک ڈائریکٹر وجے پٹیل اور سریندر کی جوڑی رام لکشمن نے 80 کی دہائی میں کئی ہٹ گانوں کی موسیقی دی۔
23 مئی: سینٹ جانسٹن نے سکاٹش کپ کا فائنل جیت لیا۔
23 مئی: بنگلہ دیش نے اسرائیل کے حوالے سے اپنے پاسپورٹ میں تبدیلی کرتے ہوئے پرانے پاسپورٹ پر لکھی ہوئی تحریر کہ ’’یہ سفری دستاویز سوائے اسرائیل تمام ممالک کے لیے جائز ہے‘‘ تاہم اب اِس میں سے’’سوائے اسرائیل کے‘‘ اہم ترین الفاظ نکال دیے گئے ہیں۔
22 مئی: چین کا مریخ پر پہنچنے والاپہلا روور ڑورونگ اپنے لینڈنگ پلیٹ فارم سے اُتر کر مریخ کی سطح پر چلا گیا۔ یوں چین مریخ پر روور اُتارنے اور اِس کی سطح پر کامیاب ڈرائیو کرنے والا امریکا کے بعد دوسرا ملک بن گیا ہے۔
22 مئی: نیپالی صدر بدیا دیوی بھنڈاری نے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے اکثریت ثابت کرنے میں ناکامی پر ایک بار پھر پارلیمنٹ تحلیل کردی۔
23 مئی: انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (آئی ای اے) نے اپنی تازہ ترین رپورٹ جاری کی جس کے مطابق دنیا بھر میں متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول میں اضافہ کا رجحان ہے اور 2030ء تک شمسی توانائی سے پیدا کی جانے والی بجلی کی عالمی پیداوار 630گیگا واٹ تک بڑھ جائے گی۔
23 مئی: مصر اور متحدہ عرب امارات نے زاید، 3 مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کیا۔
23 مئی: ایشین کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ اِس سال ملتوی ہونے والا ایشیا کپ2023ء میں ہوگا چوں کہ تمام ایشیا ئی ٹیمیں اِس سال مصروف ہیں البتہ پاکستان اگلے سال ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا۔
24 مئی: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ڈیوڈ برنیا کو موساد کا نیا سربراہ مقرر کر دیا۔ 56 سالہ برنیا اسرائیلی فوج کے ایلیٹ یونٹ میں کام کرچکے ہیں اور اُنھوں نے 1996ء میں موساد میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ موساد کے نائب سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔
25 مئی: آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن نے افغانستان میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
25 مئی: بنگلہ دیش نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز جیت لی۔
25 مئی: سٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو سیزن کی بڑی تین لیگز میںٹاپ سکورر بننے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
25 مئی: مالی میں فوج نے اقتدار سنبھال کر نگران حکومت کے صدر، وزیراعظم اور وزیر دفاع کو حراست میں لے لیا۔
25 مئی: امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے اعلان کیا کہ امریکا فلسطین کو ساڑھے سات کروڑ ڈالر کی تازہ مالی امداد فراہم کرے گا۔
26 مئی: آئر لینڈ کی پارلیمان میں اسرائیل کے خلاف تاریخی تحریک کو منظور کر لیا گیا۔ آئرلینڈ پہلا یورپی ملک ہے جس نے اسرائیلی قبضے جیسے الفاظ استعمال کیے۔
27 مئی: یوروپا کپ فٹبال لیگ اسپینش کلب ویا ریال نے پینلٹی شوٹس پرجیت لی۔
27 مئی: فرانسیسی صدر عمانوئیل میکروں نے روانڈا کے دورے کے موقع پر کہا کہ فرانس 1994ء میں روانڈا کی نسل کشی میں اپنی ذمہ داری کو تسلیم کرتا ہے اور ساتھ ہی اُنھوں نے اِس تنازع میں اپنے ملک کے کردار کے لیے ذاتی حیثیت میں معافی مانگی۔
27 مئی: قوام متحدہ کی ہیو من رائٹس کونسل میں پاکستان کی جانب سے او آئی سی کے پلیٹ فارم سے پیش کی گئی قرار داد منظور کر لی گئی۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین،مشرقی یرو شلم اور اسرائیل میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن تشکیل دیا جائے۔
28 مئی: شام کے صدر بشارالاسد نےمغربی ممالک کی مخالفت کے باوجود چوتھی مرتبہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرلی۔
28 مئی: اسرائیل کے معروف اور پرانے اخبار ہیرٹز نے عبرانی زبان میں شائع شدہ ایڈیشن میں شہید فلسطینی بچوں کی تصاویر پہلے صفحے پر چھاپ دیں، اخبار نے صہیونی فورسز کے حملے میں شہید ہونے والے اُن بچوں پر حملے کے وقت کے واقعات بھی لکھے ہیں۔ اخبار نے اسرائیلی حکومت پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ غزہ میں 67 بچے ہلاک کر دیے گئے، جنگ کا بدل یہ ہے۔
28 مئی: مسلمانوں، یہودیوں اور عیسائیوں کے ایک گروپ نے جرمن دارالحکومت میں بین المذاہب مکالمے کی علامت کے طور پر ایک عمارت کا سنگ بنیاد رکھا ہے جس میں تینوں مذاہب کے افراد عبادت کر سکیں گے۔
28 مئی: چینی سائنس دانوں نے فیوژن ری ایکٹر کے آزمائشی تجربے کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایک تازہ ترین تجربے میں 101 سیکنڈ کے لیے12کروڑ ڈگری سینٹی گریڈ کا پلازما درجہ حرارت پیدا کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
28 مئی: خلیجی ریاست قطر نے فلسطین کے جنگ زدہ علاقے غزہ کی پٹی میں بحالی اور تعمیر نو کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔
28 مئی: ایک پاکستانی سکول ٹیچر ناز بخاری کی بیٹی حنا بخاری نے لندن اسمبلی کی پہلی مسلم پاکستانی خاتون رکن منتخب ہو کر تاریخ رقم کر دی۔
28 مئی: امریکی صدر جو بائیڈن نے کانگریس سے منظوری کی صورت میں 60 کھرب ڈالرز حجم کا بجٹ تجویز کیا ہے جس کے تحت آئندہ سال اقتصادیات کی بحالی پر توجہ مرکوز ہو گی۔سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آخری بجٹ 4 کھرب اور 8 ارب ڈالر کا تھا۔ جب کہ اُن کے دور کے تمام بجٹ خسارے کے ساتھ تھے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے بجٹ میں سب سے زیادہ رقوم سماجی شعبوں اور ماحولیاتی تبدیلی کے لیے رکھی ہیں۔ جب کہ پینٹاگون کے لیے 1.5 ٹریلین رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اُن تجاویز میں 800 بلین ڈالر موسم تبدیلی، 200 ارب 4 سال تک کے بچوں کی مفت پرائمری تعلیم، 109 بلین کالج کے طلبا، 225 بلین خاندانی بہبود اور میڈیکل لیوز، 115 بلین سڑکوں اور پلوں، 160 بلین ریلوے جب کہ 100 بلین ڈالر ہر امریکی کے گھر تک براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی سہولت کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ جوبائیڈن کے اُن منصوبوں سے 2031ء تک قرضہ جی ڈی پی کے 117 فیصد تک پہنچ جائے گا جو جنگ عظیم کے دوران کی سطح سے بھی زیادہ ہے اور جوبائیڈن کے بجٹ کے اِن منصوبوں کے باعث ملکی کارپوریشنز اور کاروباری اداروں پر 3 کھرب ڈالر کے ٹیکس کا بوجھ پڑے گا۔ امریکا نے پاکستان کے لیے ملٹری ایجوکیشن، ٹریننگ پروگرام کی رقم مختص کر دی۔ تربیتی پروگرام کے لیے 35 لاکھ ڈالر رکھے گئے ہیں۔ پاکستان کے لیے اکنامک سپورٹ فنڈ کی رقم میں اضافہ کر دیا گیا۔ اکنامک سپورٹ فنڈ کے تحت چار کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی تجویز ہے۔ پاک افغان سرحد پر تجارتی سرگرمی بڑھانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ منشیات کی روک تھام کے لیے دس کروڑ 78 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ رقم کا ایک حصہ پاک افغان بارڈر سکیورٹی پر لگایا جائے گا جب کہ ایک حصہ مکران ساحل کی سکیورٹی پر لگایا جائے گا۔ پاکستان میں صحت کی سہولتوں کے لیے ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی تجویز ہے۔
28 مئی: سعودی عرب میں ایک شہزادے کو دو سال قید اور ایک لاکھ ریال جب کہ ایک میجر جنرل کو 8 سال قید اور ایک لاکھ 60 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
29 مئی: دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مئی میں دنیا کا مصروف ترین بین الاقومی ائیر پورٹ قرار دیا گیا۔
30 مئی: یوئیفا چیمپینز لیگ کے فائنل میں چیلسی نے مانچسٹر سٹی کو ایک گول سے ہرا کر دوسری مرتبہ ٹائٹل جیت لیا۔
30 مئی: چین کے بینائی سے محروم کوہ پیما زہینگ ہونگ نے دنیا کا سب سے بلند پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ سرکرلیا۔
31 مئی: ایشین باکسنگ چیمپین شپ قازقستان نے آٹھ گولڈ سمیت 16 میڈلز حاصل کرکے جیت لی۔
ازبکستان نے سات گولڈ، چھ سلور اور پانچ برانز کے ساتھ دوسری، منگولیا نے تین گولڈ اور پانچ برانز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
31 مئی: اسرائیل اورمتحدہ عرب امارات نے ٹیکس معاہدے پر دستخط کردیےجس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔
31 مئی: یورپی یونین نے بھارتی، چینی اور روسی کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کو یورپی یونین میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
31 مئی: چین میں حالیہ مردم شماری کے دوران شرح پیدائش میں نمایاں کمی ہونے پر فی جوڑا بچوں کی پیدائش کے قانون میں تبدیلی کرتے ہوئے ایک جوڑے کے دو سے زیادہ بچوں کی پیدائش پر پابندی کو ختم کرتے ہوئے اب تین بچوں کی اجازت دے دی گئی۔
31 مئی: کولمبیا کے سائیکلسٹ ایگن برنال نے گائرو ڈی اٹالیہ 2021 جیت لی۔ اٹلی کے ڈامیانو کارسو دوسرے اور برطانیہ کے سائمن یٹس تیسرے نمبر پر رہے۔
31 مئی: اسلن کراستیف نے دبئی ٹینس چیمپین شپ جیت لی۔
31 مئی: ویسٹ انڈین سٹار کرس گیل نے ٹی 10 کرکٹ میںصرف 12 بالز پر پچاس رنز بنا کر تیز ترین ففٹی کا محمد شہزاد کا ریکارڈ برابر کیا جو2018ء کے ایڈیشن میں بنا تھا۔
01 جون: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے چین کی کورونا ویکسین ’سائنوویک‘ کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی۔ یہ چین کی تیار کردہ دوسری ویکسین ہے جس کے استعمال کی ڈبلیو ایچ او نے منظوری دی۔
02 جون: انسانوں کا قصاب کہلائے جانے والے سیسیلین مافیا کے سربراہ جویوانی بارسکا کو 25 سال بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔
02 جون: پاکستان اور بھارت اب بنگلہ دیش سے غریب ہوگئے،بنگلادیش کی فی کس آمدنی، تین لاکھ 44ہزار، پاکستان کی دو لاکھ38ہزار اور بھارت کی تین لاکھ روپے ہوگئی۔گزشتہ سال بنگلہ دیش کی جی ڈی پی نمو میں نو فی صد اضافہ ہوا۔ 1971ء میں، پاکستان بنگلہ دیش سے 70 فیصد امیر تھا۔
03 جون: محنت کشوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران ختم ہو جانے والے روزگار کی وجہ سے پچھلے پانچ برسوں کی پیش رفت تباہ ہو گئی اور اِس صورت حال میں کسی بہتری کی فوری توقع بھی نہیں ہے۔
04 جون: جنوبی کوریا میں فضائیہ کی جونیئر خاتون افسر نے سینئر کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بنائے جانے پر خودکشی کرلی جس پر پیدا ہونے والے عوامی دباؤ کے پیش نظر ایئر چیف کو عہدے سے مستعفی ہونا پڑا۔
04 جون: صدر رجب طیب ایردوان نے بحیرہ اسود میں قدرتی گیس کی نئی دریافت کا اعلان کردیا جس سے ترکی کو توانائی کی درآمدات پر انحصار ختم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
04 جون: بھارت میں خطرناک تابکاری مواد یورینیم کی فروخت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، انڈین پولیس نے 6 کلو گرام یورینیم برآمد کرلی۔ پاکستان نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ بھارت کے اندر جوہری مواد کی ممکنہ بلیک مارکیٹ الارمنگ ہے۔
05 جون: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے نائیجیرین صدر کا ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے پر نا ئیجیریا نے ٹوئٹر سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
05 جون: جی سیون ملکوں نے گوگل، فیس بْک اور ایمیزون سمیت ملٹی نیشنل کمپنیوں پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ کرلیا۔ لندن میں جی سیون ملکوں کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا، جس میں شرکا نے کم سے کم کارپوریٹ ٹیکس 15 فیصد رکھنے کا اُصولی فیصلہ کیا۔
06 جون: افغانستان کے لیے امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اپنے کابل دورے کے دوران افغان رہنمائوں سے ملاقات میں بتایا کہ افغانستان سے انخلا کے بعد امریکا افغان فوج کو طالبان کے خلاف لڑائی کے لیے 3.3 ارب ڈالرز(5کھرب9ارب 85 کروڑ پاکستانی روپے)سالانہ دے گا۔
06 جون: سعودی عرب ماحولیاتی کارکردگی کی عالمی انڈیکس میں 180 ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا۔ علاوہ ازیں قدرتی ماحول کے تحفظ کے حوالے سے172 ممالک میں اپنا پہلا مقام بنا لیا ہے۔ مملکت نایاب ہوتی جانوروں کی نسلوں کے تحفظ کے حوالے سے بہترین کارکردگی دکھانے والے ملکوں میں 8 ویں نمبر پر ہے۔
06 جون: امریکی سیکرٹری خزانہ جینٹ ییلن نے جی سیون ممالک کی لندن میں منعقدہ وزارتی کانفرنس کے اختتام پر امیر ممالک پر زور دیا کہ وہ عدم مساوات اور ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں۔اُنھوں نے جی سیون میں شریک ممالک کو مشورہ دیا کہ ’’کووڈ19‘‘ کے سنگین بحران کے دوران اُنھوں نے اخراجات میں جو اضافہ کیا تھا وہ سلسلہ وبا کے ختم ہونے کے باوجود جاری رکھا جائے تاکہ اُن کی معیشتیں بدستور مضبوط رہیں۔
06 جون: نیدرلینڈز کی سفن حسن نے طویل فاصلے کی دوڑ میں خواتین کے10ہزار میٹر کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔28سالہ سفن نے یہ ریکارڈ ہینگلو میں گھریلو سرزمین پر کانٹنی نینٹل ٹور میٹنگ میں 29 منٹ 6.28سیکنڈز میں قائم کیا۔ اِس سے قبل یہ ریکارڈ ایتھوپیا کے الماز ایانا نے 29 منٹ 17.45 سیکنڈز میں ریو گیمز 2016ء میں قائم کرکے گولڈ میڈل جیتا تھا۔
07 جون: نیوکلیئر ہتھیاروں کے خاتمے کے بین الاقوامی مہم (آئی سی اے این) نے دنیا کے ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح 9 ممالک کے اخراجات کی تفصیلات جاری کی ہیں جن کے مطابق اب جب کہ ہسپتالوں میں کورونا وائرس مریضوں کے لیے بستر کم پڑگئے، ڈاکٹروں سمیت طبی عملے کو مسلسل کام کر نا پڑ رہا ہے اور میڈیکل سپلائز کی شدید قلت ہو گئی ہے ایسے میں اُن 9 ایٹمی ممالک کے پاس ہلاکت خیز ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے لیے 72 ارب ڈالرز موجود ہیں۔
07 جون: ایرانی عالم دین علی اکبر محتشمی پور 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
07 جون: سعودی عرب کے مغرب میں جدہ شہر میں دنیا کا سب سے بڑا گنبد تیار کیا گیا جس کا کوئی ستون نہیں ہے۔ شاہ عبداللہ سپورٹس سٹی کے مغرب میں مدینہ منورہ روڈ پر تیار کردہ اِس گنبد کا اندرونی رقبہ 34 ہزار مربع میٹر ہے اور اِس کی اونچائی46 میٹر جب کہ قطر 210 میٹر ہے۔ یہاں پرہونے والی مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کے لیے 5200 گاڑیوں کو پارک کرنے کی گنجائش ہے۔
07 جون: جرمنی نے یورپین انڈر 21 فٹ بال چیمپین شپ کے فائنل میں پرتگال کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
08 جون: 1933ء کا آخری امریکی سونے کا سکہ ریکارڈ 19.51 ملین ڈالرز میں نیلام ہوگیا۔ 1933ء کا امریکی سونے کا سکہ، جو فرینکلن ڈی روز ویلٹ کے ذریعہ امریکا کو سونے کے معیار سے نکالنے کے بعد کبھی جاری نہیں کیا گیا، نیو یارک میں سدبیز کی نیلامی میں ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوا ہے۔
08 جون: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے انتونیو گوتریس کو دوسری مدت کے لیے سیکرٹری جنرل مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
08 جون: امریکا کی سرکاری نیشنل لیبارٹری کورونا وائرس کی ابتدا کے حوالے سے اِس نتیجے پر پہنچی ہے کہ وائرس کے ووہان میں چین کی لیبارٹری سے پھیلنے کا مفروضہ بہت حد تک درست ہے اور اِس پر مزید تحقیقات ہونی چاہییں۔
08 جون: سعودی عرب اور شام نے سفارتی تعلقات معمول پر لانے کے لیے معاہدہ کر لیا۔
08 جون: جنوبی افریقہ کی ایک عدالت نے گاندھی کی پڑپوتی 56 سالہ اشیش لتا رامگووند کو دھوکا دہی اور چھ کروڑ رینڈ کی جعل سازی کے الزام میں سات سال قید کی سزا سنائی
08 جون: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدارت کے لیے ہونے والے انتخاب میں مالدیپ کے وزیر خارجہ عبداللہ شاہد افغانستان کے سابق وزیر خارجہ زالمی رسول کو شکست دے کر 76 ویں صدر بن گئے۔
09 جون: امریکی سینیٹ میں ایک بل منظور کیا گیا جس کے تحت امریکا کی چینی ٹیکنالوجی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنایا جائے گا۔
09 جون: یورپی یونین کے ارکان پارلیمنٹ نے نئے سفری سرٹیفکیٹ جسے کورونا پاسپورٹ بھی کہا جارہا ہے، کی توثیق کردی ہے۔
09 جون: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک سیاسی اعلامیہ کی منظوری دی ہے جس کے مطابق رکن ملکوں نے سال 2030ء تک ایڈز کے خاتمے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق رکن ملکوں نے 2025تک نئے ایچ آئی وی امراض کوسالانہ 3 لاکھ 70 ہزار سے کم کرنے اور ایڈز سے وابستہ سالانہ اموات کو 2 لاکھ 50 ہزار سے کم کرنے کا عہد کیا۔
10جون: فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔
11جون: امریکی سینیٹ کی جانب سے تقرری کی توثیق کے بعد زاہد قریشی امریکا کی تاریخ میں پہلے مسلم وفاقی جج بن گئے۔
پاکستانی نژاد زاہد قریشی امریکا کی وفاقی عدالت کے پہلے ایشیائی امریکی جج بھی ہوں گے۔
12جون: سعودی وزارت حج و عمرہ نے امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے 60 ہزار سعودی شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں کو اجازت دینے کا اعلان کیا۔
12جون: سعودی عرب میں ایوان شاہی کے مشیر شیخ ناصر بن عبدالعزیز الشثری انتقال کرگئے۔
12جون: اقوام متحدہ نے سلامتی کونسل میں بطور غیر مستقل رکن شامل ہونے کے لیے پانچ ممالک برازیل، متحدہ عرب امارات، البانیہ، گھانا اور گابون کا انتخاب کرلیا۔
12جون: جی سیون کے تین روزہ اجلاس میں ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک عظیم انفراسٹرکچر منصوبے کا اعلان کیا گیا تاکہ اُنھیں اپنی تجارت و صنعت کو فروغ دینے کے لیے ضروری مواصلاتی رابطے میسر ہوں اور تمام متعلقہ تعمیراتی ڈھانچے تیار ہو سکیں۔
13جون: 38بیویوں اور 89 بچوں پر مشتمل دنیا کے ’سب سے بڑے خاندان‘ کے سربراہ 76 سالہ زیونا چنا چل بسے۔
13جون: نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہراکر سیریز اپنے نام کرلی۔
13جون: اسرائیل کی پارلیمان نے وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی قیادت میں نئی اتحادی حکومت کے قیام کی منظوری دے دی۔ اِس طرح بینجمن نیتن یاہو کے 12 سالہ اقتدار کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
13جون: چین نے جی سیون ممالک کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دن گئے جب ’’چھوٹے ممالک کے گروہ دنیا کی قسمت کا فیصلہ کیا کرتے تھے۔‘‘
13جون: نکولس ماہوت اور پیری ہیوز ہربرٹ نے فرنچ اوپن مینز ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
13جون: فرنچ اوپن میں چیک ریپبلک کی باربورہ کریجیکوا نے روس کی انیسٹیسا کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔
14جون: نیٹونے افغانستان میں اپنا فوجی پروگرام باقاعدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے ہم افغانستان میں گزشتہ 20 سال سے ہیں لیکن ہم وہاں مستقل رہنے کے لیے نہیں آئے تھے۔
15جون: پائیدار ترقیاتی رپورٹ 2021ء کے مطابق بنگلہ دیش اور دو دیگر ممالک یعنی افغانستان اور کوٹ ڈیو آئیوری نے2015ء میں 2030ء عالمی ایجنڈے کو اپنانے کے بعد سے SDGs انڈیکس سکور میں سب سے زیادہ ترقی کی ہے۔
15جون: عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم نے جی سیون ممالک کی جانب سے غریب اقوام کے لیے اعلان کردہ ویکسین کی ایک ارب خوراکوں کو ناکافی قرار دے دیا۔